اسرائیل میں مرکزی بس اسٹیشن پر حملہ؛ خاتون ہلاک،11 افراد زخمی

ویب ڈیسک  اتوار 6 اکتوبر 2024
جوابی فائرنگ میں حملہ آور مارا گیا جس کی شناخت کا عمل جاری ہے، اسرائیلی پولیس

جوابی فائرنگ میں حملہ آور مارا گیا جس کی شناخت کا عمل جاری ہے، اسرائیلی پولیس

تل ابیب: اسرائیل کے جنوبی علاقے بئر السبع‎ کی مرکزی بس اسٹیشن پر حملے سے خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری مدد کے لیے چیختے ہوئے بھاگ کھڑے ہوئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے میں بس کے انتظار میں کھڑے مسافروں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار اور طبی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

امدادی کاموں کے دوران جائے وقوعہ سے 10 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک خاتون نے خون زیادہ بہہ جانے کے باعث دوران علاج دم توڑ دیا۔

اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا جس کی شناخت کا عمل جاری ہے تاہم وہ حلیے سے عرب لگتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمیوں کے جسم پر موجود زخموں سے اندازہ ہوتا ہے کہ زیادہ تر پر چاقو کے وار کیے گئے اور چند ایک کو گولی بھی ماری گئی۔

یاد رہے کہ 31 مارچ کو بھی اسی علاقے کے بس اسٹیشن پر حملے میں چھٹیوں پر آرمی بیس سے گھر آنے والا اسرائیلی فوجی ہلاک اور 2 راہگیر زخمی ہوگئے تھے جب کہ چاقو بردار 20 سالہ نوجوان کو جوابی فائرنگ میں ہلاک کردیا گیا تھا جس کی شناخت ناجی ابو فریح کے نام سے ہوئی تھی۔

اسرائیل کی 7 اکتوبر سے جاری غزہ پر وحشیانہ بمباری کے بعد اسرائیل میں انفرادی حملوں کی تعداد بڑھ گئی ہے جب کہ چند ایک ممالک میں قائم اسرائیلی سفارت خانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔