ویمنز ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دیدی

فاطمہ ثنا نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ بھارت نے ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا

(فوٹو: فائل)

ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ اے کے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت نے باؤلنگ اور بیٹنگ میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی اور یوں ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی بھارت سے شکست کی روایت برقرار رہی۔

دبئی میں کھیلے گئے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ گروپ اے کے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تمام بیٹرز ذمہ دارانہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم کا روایتی حریف کے خلاف آغاز مایوس کن تھا اور پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گری جب گل فیروزہ 4 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد کھاتہ کھولے بغیر رینوکا سنگھ کی گیند پر آؤٹ ہوگئیں، جس کے بعد سدرہ امین نے منیبہ علی کا 8 رنز بنا کر اسکور 25 رنز تک پہنچانے میں ساتھ دیا۔

مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، سری لنکا کو شکست

عمیمہ سہیل بھی 6 گیندوں کی مہمان ثابت ہوئیں اور 3 رنز کااضافہ کیا جبکہ اوپنر مبینہ علی نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی اور 17 رنز کے انفرادی اسکور پر شریانکا پٹیل کی وکٹ بنیں۔

تجربہ کار عالیہ ریاض بھی ناکام ہوئیں اور صرف 4 رنز بنائے، طوبیٰ حسن کو بھی شریانکا پٹیل نے صفر پر ہی آؤٹ کردیا، اسی طرح کپتان فاطمہ ثنا جلدی آؤٹ ہوئیں تاہم انہوں نے 8 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے سب سے زیادہ 28 رنز بنائے اور سیدہ عروبہ شاہ نے آؤٹ ہوئے بغیر 14 رنز کی اننگز کھیلی۔

مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دیدی


قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنا کر بھارت کو ایک آسان ہدف دے دیا۔

بھارت کی جانب سے اروندھتی ریڈھی نے 4 اوورز کے کوٹے میں صرف 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، شریانکا پٹیل نے اپنے کوٹے میں ایک میڈن اوور کرایا اور 12 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کرلیں۔

بھارت نے ہدف کے تعاقب شروع کیا تو سعدیہ اقبال نے سمرتی مندھنا کو 18 کے اسکور پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی تاہم شفالی ورما اور جمیمہ روڈریگز نے دوسری وکٹ کے لیے اچھی شراکت قائم کی اور اسکور 61 رنز تک پہنچایا اور بالترتیب 32 اور 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں۔

مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ورلڈکپ؛ ٹرافی پر قبضے کیلئے جنگ کا آغاز آج ہوگا

فاطمہ ثنا نے 80 کے اسکورپاکستان کو چوتھی کامیابی دلائی اور رچاگوش کو صفر پر آؤٹ کیا۔

بھارت نے 19 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا کر پاکستان کو شکست دی اور قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے سب سے زیادہ دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ بھارت کی جانب سے کپتان ہرمنپریت کور نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی اروندھتی ریڈھی کو 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Load Next Story