گنڈاپور غیرذمہ دار شخص ہے بتانا ہوگا یہ ڈراما کیوں رچایا وفاقی وزیراطلاعات

علی امین گنڈاپورحواریوں کو اسلام آباد لاکر خود بھاگ گیا، بنیادی سوال ہے کہ وہ پچھلے 24 گھنٹے کہاں تھے، عطااللہ تارڑ

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو بتانا ہوگا کہ یہ ڈراما کیوں رچایا—فوٹو: فائل

وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی 24 گھنٹے بعد واپسی کے حوالے سے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک غیرذمہ دار شخص ہیں اور انہیں بتانا ہوگا کہ یہ ڈراما کیوں رچایا گیا۔

لاہور میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ علی امین گنڈاپور ایک غیر ذمہ دارشخص ہے، اپنے حواریوں کو اسلام آباد لا کر خود بھاگ گیا لیکن بنیادی سوال ہے کہ علی امین گنڈاپور پچھلے 24 گھنٹے کہاں تھے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں مہم شروع کی گئی کہ علی امین گنڈاپور کو اغوا کرلیا گیا ہے، بتانا ہوگا کہ علی امین گنڈاپور نے یہ ڈرامہ کیوں رچایا، جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے اور ان کا جھوٹ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ ان کا منصوبہ بری طرح ناکام ہو گیا ہے، یہ سرکاری املاک کو نقصان اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے تھے لیکن جب ان کے تمام منصوبے ناکام ہو گئے تو یہ اپنے لوگوں کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ9 مئی کے واقعات میں ان کے خلاف تمام ثبوت ریکارڈ پر موجود ہیں، عمر ایوب، شاندانہ گلزار اور بیرسٹر سیف اور دیگر کے بیانات کی قلعی کھل گئی ہے اور ان کا مکروہ چہرہ پوری قوم نے دیکھ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا جذبہ، تبدیلی کا جنون، انا للہ و انا لیہ راجعون، ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا، ان کا منصوبہ ناکام ہوا، پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، ان شااللہ ان کا منصوبہ ناکام ہوگا۔
Load Next Story