وزیراعظم کی رہائش گاہ کےقریب آپریشن میں زخمی دہشتگرد بھی دم توڑگیا ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے قریب ایک مکان میں موجود دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کرکے ایک دہشتگرد کو ہلاک جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تاہم بعد میں وہ بھی دوران علاج دم توڑ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق رائیونڈ میں وزیراعظم نواز شریف کے فارم ہاؤس جاتی عمرہ سے دو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں پنڈ رائیاں میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر رات گئے آپریشن کیا تو مکان میں موجود دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کا ایک جوان شہید جبکہ 6 زخمی ہوگئے، دہشتگردوں کی جانب سے شدید فائرنگ اور دستی بم کے حملوں کے بعد پولیس کی اضافی نفری کے علاوہ ایلیٹ فورس اور حساس اداروں کے اہلکاروں کو بھی طلب کرلیا گیا جنہوں نے مکان کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس اور قانون نافذکرنے والے اہلکاروں کی جانب سے مکان میں خواتین اور بچوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کارروائی میں سست روی دکھائی گئی تاہم بعد ازاں اعلیٰ حکام کے حکم پر فورسز نے بھرپور کارروائی کا آغاز کیا اور مکان پر راکٹ لانچر، دستی بم اور آنسو گیس کے گولے مارے گئے اور کچھ ہی دیر میں مکان کا کنٹرول حاصل کرلیا۔ کارروائی دوران ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ ایک کو شدید زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا جسے طبی امداد فراہم کی گئی تاہم کچھ ہی گھنٹے بعد وہ بھی دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت احسن محبوب کے نام سے ہوئی ہے جو اوکاڑہ کے علاقے حجرہ شاہ مقیم کی چک 18 ڈی کا رہائشی تھا۔
وزیراعظم نواز شریف نے رائے ونڈ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہےکہ آج کا آپریشن یہ ثابت کرتا ہے کہ حساس اداروں کےدرمیان بہتر رابطے اور موثر انٹیلی جنس کی وجہ سے دہشت گردوں کےخلاف کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔