پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈساز تیزی انڈیکس ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر

کے ایس ای 100 انڈیکس 5.30 پوائنٹس کے اضافے سے 85669.28پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا

فوٹو: فائل

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے وابستہ مثبت توقعات، وزیراعظم کی سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ 2ارب ڈالر کے سرمایہ کاری معاہدے کی تصدیق سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو ابتدائی اوقات میں بڑی نوعیت کی تیزی کے بعد آئی پی پیز میں فروخت بڑھنے سے محدود پیمانے پر تیزی میں تبدیل ہوگئی۔

تیزی کے سبب 46فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 2ارب 19کروڑ 72لاکھ 05ہزار 03روپے کا اضافہ ہوگیا۔

بدھ کو کاروبار کا آغاز بڑی نوعیت کی تیزی سے ہوا بعدازاں پرافٹ ٹیکنگ کے سبب اتارچڑھاؤ سے ایک موقع پر 220پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی لیکن اس دوران مثبت توقعات پر خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے ایک موقع پر 787 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 86000پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور ہوگئی تھی۔


اختتامی لمحات میں آئل اینڈ گیس اور پاورجنریشن سیکٹر میں حصص کی برق رفتاری سے فروخت کے سبب بڑی نوعیت کی تیزی انتہائی محدود پیمانے کی تیزی میں تبدیل ہوگئی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 5.30 پوائنٹس کے اضافے سے 85669.28پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

اس کے برعکس کے ایس ای 30 انڈیکس 224.90 پوائنٹس کی کمی سے 27216.23 پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 131.21پوائنٹس کے اضافے سے 54616.55پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 467.61پوائنٹس کی کمی سے 129822.19پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 17.66فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 59کروڑ 60لاکھ 52ہزار 076 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 448 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 208 کے بھاؤ میں اضافہ، 172 کے داموں میں کمی اور 68 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Load Next Story