بلوچستان ایف سی کی چوکی پر حملہ ناکام سیکیورٹی اہلکار شہید اور دو دہشت گرد ہلاک

مارا گیا دہشت گرد دہشت گردی کی کئی سرگرمیوں میں ملوث تھا، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا—فوٹو: فائل

بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر حملہ ناکام بناتے ہوئے دو دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ سیکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق9 اکتوبر کو صبح دہشت گردوں کے ایک گروہ نے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور کی ایک چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن میں ایک خودکش حملہ آور اور دوسرا اہم دہشت گرد عمر المعروف "عمری" شامل تھا۔


آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گرد اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب نہ ہو سکے، دہشت گرد عمر المعروف "عمری" کئی دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا، جن میں حالیہ حملہ ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر بھی شامل تھا۔

مزید بتایا گیا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ حوالدار جمشید خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہمارے بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Load Next Story