انجمن تاجران کی ایس سی او کانفرنس میں سیکیورٹی انتظامات کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

ایس سی او کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے، سی پی او راولپنڈی

ایس سی او کانفرنس کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، پولیس—فوٹو: فائل

انجمن تاجران نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کے لیے سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔

انجمن تاجران کے وفد نے سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی سے ملاقات کی جہاں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی راول اور دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے جبکہ تاجروں کی جانب سے صدر انجمن تاجران شاہد غفور پراچہ، جنرل سیکرٹری راجا توحید اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی، ملاقات شہر کے معروف تجارتی مرکز کمرشل مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں کی حدود پر مشتمل تھانہ نیوٹاؤن میں ہوئی۔

سی پی او خالد ہمدانی نے انجمن تاجران سے ایس سی او کے حوالے سے کیے جا رہے سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بات چیت کی، جس پر انجمن تاجران کی جانب سے کانفرنس کے ضمن میں سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس، سیکیورٹی لائحہ عمل کی منظوری


صدر انجمن تاجران شاہد غفور پراچہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آنے والے غیر ملکی مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، سیکیورٹی انتظامات کے لیے شہر بھر میں دوکانیں یا کاروبار بند کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اس موقع پر تاجران نے متفقہ طور پر کہا کہ کہ پاکستان کے لیے تین دن دکانیں اور کاروبار بند رکھیں گے، پاکستان کی ترقی اور کامیابی کے لیے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے بھرپور تعاون پر صدر انجمن تاجران اور دیگر عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وطن عزیز کی سالمیت ترقی اور خوش حالی اہم ترین ہے، ایس سی او کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی پولیس نے تھانوں کی سطح پر ہوٹلز، ریسٹورنٹس،کیفے، اسنوکر کلب اور مارکیٹوں سے شورٹی بانڈ لینے کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے۔
Load Next Story