عمران خان کی خیریت کے بارے میں خدشات پر فوری جواب دیا جائے وزیراعلیٰ کے پی

عمران خان کی خیریت میرے لیے سب سے مقدم اور میری اولین ترجیح ہے، علی امین گنڈاپور

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے—فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے احتجاج کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی خیریت کے حوالے سے خدشات فوری دور کردیے جائیں۔

وزیر اعلی خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی خیریت سے متعلق بیان میں کہا کہ عمران خان کی خیریت میرے لیے سب سے مقدم اور میری اولین ترجیح ہے۔


انہوں نے کہا کہ میرا پر زور مطالبہ ہے کہ عمران خان سے ڈاکٹروں اور وکلا کی ٹیم کی فوری ملاقات کرائی جائے اور ان کی بہنوں اور دیگر کارکنان کو فوری رہا کردیا جائے۔

وزیر اعلی کے پی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خیریت کے بارے میں تمام پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان کی تشویش دور کی جائے اور ان کی خیریت سے متعلق خدشات پر ہمیں فوری جواب دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی خیریت سے فوری آگاہ کیا جائے اور ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے۔
Load Next Story