اماراتی گروپ کا کراچی اور لاہور ائرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ میں اظہارِ دلچسپی

گروپ نے دونوں ہوائی اڈوں سے متعلق تفصیلات مانگ لیں، ترکیہ کے گروپ کا بھی آؤٹ سورسنگ میں اظہار دلچسپی

(فوٹو فائل)

یو اے ای کے اے ڈی پورٹس گروپ نے کراچی اور لاہور کے ائرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔


ملکی ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے معاملے میں اے ڈی پورٹس گروپ کے ایم ڈی کیپٹن محمد جمعہ الشمسی نے باضابطہ طور پر وزارت ہوابازی سے رابطہ کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اے ڈی پورٹس گروپ پاکستان کے جناح ٹرمینل ائرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال ائرپورٹ لاہور کی آؤٹ سورسنگ میں دلچسپی رکھتا ہے۔



پیش رفت کے نتیجے میں ٹرمینل ہولڈنگ گروپ اے ڈی پورٹس کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں اے ڈی پورٹس گروپ نے کراچی اور لاہور ائرپورٹ پر سالانہ مسافروں کی آمد و رفت کے اعداد و شمار مانگ لیے۔


یو اے ای گروپ نے کراچی اور لاہور ائرپورٹس کے کارگو بزنس کے اعداد و شمار سمیت 35 سوالات وزارت ہوابازی کو بھیج دیے۔ دونوں ائرپورٹس پر ملازمین کی تعداد سمیت سالانہ بزنس کا حجم،اعداد و شمار یو اے ای کے اے ڈی پورٹس گروپ نے طلب کیے تھے۔


ذرائع کے مطابق ترکیہ کے ایک گروپ نے بھی کراچی اور لاہور ائرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

Load Next Story