پشاور میں پولیس موبائل پر حملے میں 3 اہلکار جاں بحق 2اہلکاروں سمیت 4افراد زخمی

فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت 2 راہ گیر بھی زخمی ہوگئے،ایس پی کینٹ محمد فیصل

جاں بحق ہونےوالوں میں اے ایس آئی، ڈرائیور اور کانسٹیبل شامل ہے، پولیس،فوٹو:ایکسپریس نیوز

پشتخرہ میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے پشتخرہ میں پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جن میں 2راہ گیر بھی شامل ہیں۔


ایس پی کینٹ محمد فیصل کا کہنا ہے کہ پولیس موبائل پر کار سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کی جس سے موبائل میں موجود ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر، ڈرائیور اور کانسٹیبل موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حملے میں زخمی اہلکاروں اور راہگیروں کو بھی فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے شہید اہلکاروں کیلئے 30 لاکھ فی کس جبکہ زخمیوں کیلئے ایک لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story