پولیس کو بغاوت پر اُکسانے اور ریاست مخالف سرگرمی میں ملوث اہلکار سی ٹی ڈی کے حوالے
پولیس کو بغاوت پر اُکسانے اور ریاست مخالف سرگرمی میں ملوث پولیس اہلکار کو ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا گیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پولیس کو بغاوت پر اُکسانے اور ریاست کے خلاف سرگرمی کے الزام میں گرفتار پولیس اہلکار جمشید کو پیش کیا گیا، جسے عدالت نے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا ۔
دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم جمشید سابق پولیس اہلکار ہے۔ ملزم نے سوشل میڈیا پر پولیس کو بغاوت پر اُکسانے کی کوشش کی،ملزم ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف سرگرمی میں ملوث رہا۔ملزم کا تعلق بنوں سے ہے اور اسے پشاور سے حراست میں لیا گیا ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کی ضرورت ہے، اس لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے ملزم کو تفتیش کے لیے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کی تحویل میں دے دیا۔