یادگار دہرے کردار

ڈبل رول پر بنائے جانے والی کامیڈی فلمیں کام یابی سے ہمکنار ہوتی ہیں

ڈبل رول پر بنائے جانے والی کامیڈی فلمیں کام یابی سے ہمکنار ہوتی ہیں۔ فوٹو: فائل

ایک ہی سکے کے دونوں رخ کو ڈبل رول کہا جا سکتا ہے، جو پرفارم کرنے میں تو مختلف ہو سکتے ہیں لیکن ان کا انجام ہمیشہ ایک فینٹسی کی صورت میں ہوتا ہے۔

بولی وڈ میں بے شمار ایسی فلمیں بنائی گئیں جو ڈبل رول پر مشتمل تھیں، لیکن یہ بات اکثر دیکھی گئی ہے کہ ڈبل رول پر سنجیدہ موضوع پر بنائے جانے والی اکثر فلمیں ناکامی سے دوچار ہوتی ہیں، لیکن ڈبل رول پر بنائے جانے والی کامیڈی فلمیں کام یابی سے ہمکنار ہوتی ہیں، جس کی بہترین مثال حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ''ہم شکل'' ہے جس میں ڈبل کے بجائے ٹرپل رول ادا کیے گئے ہیں۔ ڈبل رول سے ہٹ کر کچھ فن کاروں نے اپنی فلموں میں کئی کئی گیٹ اپ اختیار کیے ہیں، جیسے سنجیوکمار فلم ''نیا دن نئی رات''، کمل ہاسن ''داسواترام'' اور پریانکا چوپڑہ ''واٹس یور راشی'' میں مختلف گیٹ اپ میں نظر آئیں۔ زیرنظر مضمون میں بولی وڈ کے چند بہترین اور یادگار ڈبل رول کا ذکر کیا جارہا ہے۔

٭ نرگس: انہونی (1952) ماضی کے مقبول افسانہ نگار خواجہ غلام عباس جنہوں نے امیتابھ بچن کی ڈیبیو فلم ''سات ہندوستانی'' ڈائریکٹ کی ۔ خواجہ عباس نے ایک فلم ''انہونی'' کے نام سے بنائی، جس میں انہوں نے اداکارہ نرگس سے ڈبل رول کرایا۔ موہنی اور روپ کے یہ دو کردار متضاد شخصیت کی لڑکیوں کے تھے۔ نرگس نے بڑی عمدگی سے یہ کردار پر فارم کیے اور اپنی لازوال اداکاری کے باعث اس ڈبل رول کو یاد گار بنا دیا۔



٭ دیو آنند: ہم دونوں (1961) ایک میلو ڈرامائی اور رومانٹک موضوع پر بنائی جانے والی اس فلم میں دیو آنند نے میجر ورما اور کیپٹن آنند کے یادگار ڈبل رول کیے۔ اس فلم کا شمار دیو کی چند یادگار اور قابل ذکر فلموں میں کیا جاتا ہے، کیوںکہ بہت کم فلمیں ایسی ہیں جن میں دیو آنند نے جم کر اداکاری کی ہو، ''ہم دونوں'' بھی ان کی ایسی ہی کام یاب اور مقبول ترین فلم ہے۔

٭ دلیپ کمار: رام اور شیام (1967) بھارتی فلموں کے لیجنڈ دلیپ کمار جنہیں دنیائے فلم انڈسٹری کا شہنشاہ کہا جاتا ہے، نے جب جب جو بھی کردار کیا اسے اپنی بے ساختہ اور فطری اداکاری کے باعث یادگار بنا دیا۔ دلیپ کمار کے لازوال کرداروں میں سے ایک یادگار کردار فلم ''رام اور شیام'' کا بھی ہے، جس میں انہوں نے رام اور شیام کا ڈبل رول کیا تھا۔ یہ دونوں کردار ایک دوسرے کے بالکل الٹ تھے۔ شیام ایک نڈر اور سیلف میڈ انسان ہے تو دوسری طرف رام اپنے ظالم بہنوئی کے ساتھ رہنے والا بزدل اور کم ہمت انسان ہے۔ یہ ایک سیمی کامیڈی فلم تھی جو اپنے دور میں بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔

٭ نیتو سنگھ: دو کلیاں (1968) ہالی وڈ کی فلم The parent trapکا چربہ بنائے جانے والی اس فلم میں نیتو سنگھ نے بہ طور چائلڈ اسٹار ڈبل رول گنگا اور جمنا کے کیے تھے، جب کہ پیرنٹس کے رول مالا سنہا اور بسوا جیت نے ادا کیے تھے۔ اس فلم میں مرکزی کرداروں کے بجائے نیتو سنگھ کے ڈبل رول گنگا اور جمنا نے شہرت حاصل کی تھی۔



٭ راجیش کھنہ: ارادھنا (1969) فلم میکر شکتی سمانت کی کام یاب ترین فلم میں راجیش کھنہ نے پائلٹ باپ اور پائلٹ بیٹے کا ڈبل رول کیا تھا۔ شرمیلا ٹیگور اور فریدہ جلال کے ساتھ س ڈبل رول میں راجیش کھنہ کو بے پسند کیا گیا تھا۔

٭ محمود: ہم جولی (1970) بولی وڈ کے مایہ ناز کامیڈین محمود کے اسٹائل کو کم و بیش ہر کامیڈی ایکٹر نے اپنانے کی کوشش کی لیکن محمود اپنے فن میں یکتا تھے۔ اس دور میں جب ٹیکنالوجی اتنی ایڈوانس نہیں تھی اور فلم میکنگ میں لاتعداد خامیاں نظر آتی تھیں، اس زمانے میں محمود نے اپنی فلم ہم جولی میں ڈبل کے بجائے ٹرپل رول کیا۔ یہ کردار دادا، بیٹا اور پوتے پر مشتمل تھے۔ یہ محمود کی کام یاب ترین فلم تھی۔

٭ راکھی: شرمیلی (1971) 1971میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں راکھی نے جڑواں بہنوں کا ڈبل رول کیا تھا۔ فلم کی کہانی کے مطابق ایک بہن کنچنا بہت معصوم اور گھریلو ٹائپ لڑکی، جب کہ اس کی چھوٹی بہن کامنی ایک الٹرا ماڈرن لڑکی ہے۔ دونوں بہنوں کو ایک ہی آدمی (ششی کپور) سے پیار ہو جاتا ہے۔ راکھی نے اس فلم میں اپنے کیریر کا بہترین کردار کیا تھا۔



٭ ہیما مالنی: سیتا اور گیتا (1972) دلیپ کمار کی فلم رام اور شیام کی کاپی کے طور پر بنائی جانے والی اس فلم میں سیتا اور گیتا کا ڈبل رول ہیمامالنی نے کیا تھا۔ سیتا ایک ڈرپوک ، جب کہ گیتا ایک ماڈرن اور بولڈ لڑکی ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر رمیش سپی نے ممتاز کو کاسٹ کرنا چاہا تھا، لیکن ممتاز نے اس فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی۔ پھر یہ کردار ہیما مالنی نے کیا ،ہر ایک کا یہ ہی کہنا تھا کہ ہیما سے بہتر اس کردار کا کوئی اور نہیں کر سکتا تھا۔




٭ شرمیلا ٹیگور: موسم (1975) فلم میکر گلزار کی اس سیمی آرٹ فلم میں شرمیلا ٹیگور نے ماں اور بیٹی کا ڈبل رول کیا تھا۔ یہ دونوں کردار ایک دوسرے کے بالکل الٹ تھے۔ موسم میں سنجیو کمار نے بھی بہترین اداکاری کی، اس فلم کی کام یابی کا سارا کریڈٹ آج تک شرمیلا ٹیگور ہی کو دیا جاتا ہے۔



٭ امیتابھ بچن: ڈان (1978 )،آخری راستہ (1986) بولی وڈ کے سپر اسٹار اینگری ینگ مین امیتابھ بچن نے بہت سی فلموں میں ڈبل اور ٹرپل رول کیے ہیں لیکن ڈان ان کے کیریر کی وہ پہلی فلم تھی جس میں بگ بی نے ڈبل رول پلے کیا۔ اس فلم میں ان کا پہلا کردار ایک گینگسٹر کا تھا، جب کہ دوسرا ایک سیدھے سادے دیہاتی آدمی کا رول تھا۔ امیتابھ نے اپنے اس ڈبل رول کے ساتھ مکمل انصاف کیا۔ امیتابھ کی دوسری ڈبل رول ہٹ فلم آخری راستہ تھی، جس میں انہوں نے باپ اور بیٹے کا مشکل کردار کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ واقعی ایک ورسٹائل ایکٹر ہیں ۔

٭ سنجیو کمار: انگور(1982) حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ہم شکل کے بارے میں یہ کہا جاتا رہا ہے کہ یہ فلم ماضی کی سپر ہٹ فلم انگور کا ری میک ہے، لیکن ایسا نہیں ہے۔ فلم کے کچھ مناظر فلم انگور سے متاثر ہیں۔ لیکن یہ ایک بالکل الگ فلم ہے، انگور فلم ساز گلزار کی ایک ایسی کام یاب فلم تھی جس میں دو ایکٹرز یعنی سنجیو کمار اور دیون ورما نے ڈبل رول کیے تھے۔ گلزار کی یہ فلم شیکسپئیر کی ایک کہانیA comedy of errors کی نقل تھی۔

٭ سری دیوی: چالباز (1989) دلیپ کمار کی فلم رام اور شیام اور ہیما مالنی کی سیتا اور گیتا کا جدید ورژن فلم چالباز کی صورت میں سامنے آیا۔ اس فلم میں سری دیو ی نے مرکز ی ڈبل رول کیا تھا فلم کی کہانی میں کوئی فرق نہیں تھا۔ البتہ جدید دور کے مطابق اس میں بارہ مسالے والے تمام لوازمات موجود تھے۔ اس فلم میں سری دیوی نے بہترین اداکارہ کے کئی ایوارڈ بھی حاصل کیے۔

٭ انیل کپور: کشن کنہیا (1990) فلم چالباز کی ریلیز کے ٹھیک ایک سال بعد اس فلم کا ری میک کشن کنہیا کی صورت میں سامنے آیا۔ بولی وڈ میں کام یاب اداکاروں کے لے اس ایک پرانے موضوع پر، جس کی ابتدا رام اور شیام سے ہوئی تھی۔ فلم کشن کنہیا میں اس وقت کے سپر اسٹار انیل کپور نے ڈبل رول کیا تھا، لیکن جو پرفارمینس دلیپ کمار نے اپنی فلم رام اور شیام میں دی انیل کپور ایسی پرفارمینس سے بہت دور نظر آئے۔

٭مادھوری ڈکشٹ: سنگیت (1992) سنگیت کا شمار مادھوری کی ہٹ فلموں میں نہیں کیا جاتا، البتہ پرفارمینس کے اعتبار سے یہ فلم مادھوری کی ایک یادگار فلم ضرور ہے۔ اس میں اُس نے ماں اور اس کی اندھی بیٹی کا کردار کیا تھا۔ یہ موسیقی سے بھرپور فلم تھی جس کے تقریباً سب ہی گانے ہٹ ہوئے تھے۔

٭ سلمان خان : جُڑواں (1997) ڈیوڈ دھون کی اس فلم میں سلمان خان نے ڈبل رول کیا تھا۔ یہ مکمل طور پر کامیڈی فلم تھی، جس میں سلمان کے ساتھ شکتی کپور نے بھی عمدہ کام کیا تھا۔ جڑواں میں سلمان کا ڈبل رول دو بھائیوں کا تھا۔ فلم کی کہانی ماضی میں ریلیز ہونے والی دیگر فلموں سے بالکل مختلف تھی۔ سلمان کی یہ فلم سپرہٹ ہوئی۔

٭ کاجول: دشمن (1998) فلم میکر تنوجہ چندرا نے ہالی وڈ کی کام یاب فلم Eye for an eyeکا ہندی ورژن فلم دشمن بنائی، جس میں کاجول نے دو بہنوں کا ڈبل رول کیا تھا۔ سونیا اور نینا کے کردار میں کاجول نے جو پرفارمینس دی اس سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ اس اکیلی اداکارہ میں اتنا دم ہے کہ وہ پوری فلم کا بوجھ اٹھالے۔ باکس آفس پر فلم کی کام یابی نے کاجول کو ایک ورسٹائل اداکارہ کی حیثیت دے دی۔

٭ شاہ رخ خان: اوم شانتی اوم (2007) شاہ رخ خان اس سے پہلے فلم ڈپلی کیٹ میں بھی ڈبل رول پلے کرچکے تھے، لیکن ڈپلی کیٹ میں انہیں زیادہ پذیرائی نہ مل سکی۔ البتہ فرح خان کی فلم اوم شانتی اوم میں اوم کے ڈبل رول نے لوگوں کے دل جیت لیے۔ یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ہوئی تھی اور اس فلم کے بارے میں شاہ رخ کا کہنا تھا کہ اوم شانتی اوم کا شمار ان کی چند پسندیدہ فلموں میں ہوتا ہے۔

٭ شاہد کپور: کمینے (2009) فلم کمینے کی ہیروئن پریا نکا چوپڑہ تھی اور یہ شاہد کی جب وی میٹ کے بعد دوسری بڑی ہٹ فلم تھی۔ اس فلم میں شاہد نے ڈبل رول میں اچھی پرفارمینس دے کر ان لوگوں کے منہ بند کردیے جو یہ کہتے تھے کی شاہد کپور کو فلم انڈسٹری چھوڑ دینی چاہیے۔

٭ عا مر خان: دھوم تھری( 2014) ادیتہ چوپڑہ کی سیریل ہٹ فلم دھوم تھری میں عامر خان کے ڈبل رول کو بے حد سراہا گیا۔ اپنے کے اس ڈبل رول کے بارے میں خود عامر بھی بہت ایکسائٹڈ تھے ، اس فلم میں دو الگ الگ کرداروں میں پرفارمینس کا مارجن بہت زیادہ تھا۔ ایک سیدھے سادے شرمیلے لڑکے کا رول تو دوسرا ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ چور۔ دھوم تھری بھی عامر کی دیگر فلموں کی طرح بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔

٭ اکشے کمار: رائوڈی راٹھور( 2012)راؤڈی راٹھور ایک سائوتھ انڈین فلم کا ری میک تھی، جس میں اکشے کمار نے ڈبل رول کیا تھا۔ ایک سخت گیر پولیس انسپکٹر اور دوسرا ایک موالی ٹائپ چور کا رول۔ یہ فلم سال کی سب سے بڑی ہٹ قرار پائی۔
Load Next Story