بینکاک سے پارسل کے ذریعے منشیات پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

برآمد ہونے والی میریجوانہ منشیات کی مالیت 40لاکھ روپے سے زائد ہے، ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز

نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے:فوٹو:ایکسپریس نیوز

پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کلکٹریٹ نے انٹرنیشنل میل آفس میں ایک کارروائی میں بینکاک سے پارسل کے ذریعے منشیات پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

پاکستان کسٹمز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کلکٹریٹ کی جانب سے بیرون ملک اور پاکستان سے پارسلز کے ذریعے مہنگی منشیات کی انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت انٹرنیشنل میل آفس میں ایک اور کاروائی کے دوران بینکاک سے پارسل کے ذریعے میریجوانہ منشیات پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔


ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز فیصل خان کے مطابق بینکاک سے ڈی ایچ اے فیز 5 کے رہائشی جیمس رابرٹسن کے نام پر ایک پارسل بھیجا گیا تھا لیکن کلکٹریٹ کی جانب سے کراچی کے تمام کارگو ہینڈلنگ پوائنٹس پر پہلے سے تعینات کسٹمز کے عملے نے بینکاک سے پہنچنے والے اس مشکوک پارسل کی اسکیننگ کی تو پارسل میں 1کلوگرام میریجوانہ منشیات برآمد ہوئی۔

اس منشیات کی تصدیق کے لیے نارکوٹکس چیکنگ کٹ سے ٹیسٹ کیا گیا جس میں میریجوانہ منشیات کی نشاندہی ہوئی۔ فیصل خان نے بتایا کہ برآمد ہونے والی میریجوانہ منشیات کی مالیت 40لاکھ روپے سے زائد ہے۔ حکام نے کسٹمز نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
Load Next Story