کراچی پولیس افسر کے قتل میں ملوث ڈکیت افغان شہری نکلے
اورنگی ٹاؤن میں ہیڈ کانسٹیبل کے قتل میں ملوث اور پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے 3 ڈکیتوں میں سے2 افغان شہری نکلے۔
جمعرات کی شب اقبال مارکیٹ تھانہ پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے ڈکیتوں نجیب اللہ ولد فیض اللہ اورفہیم ولد جان محمد کے قبضے سے2غیرقانونی پسٹلز، ایمونیشن، چلے ہوئے خولز،2 موبائل فونزاورنقد رقم برآمد کرلی گئی جب کہ ہلاک ڈکیتوں کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی 125 موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ہیڈکانسٹیبل عبدالغفارکومقابلے کے دوران قتل کرنے والے باقی 2 ملزمان بھی اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ ہلاک ملزمان کا ایک ساتھی تاج الدین ولد دین یار جمعرات کی صبح شہید ہیڈ کانسٹیبل عبدالغفار کے ہاتھوں گولی لگنے سے ہلاک ہوا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے 3 ملزمان میں سے 2 ملزمان غیرملکی افغان شہری نکلے۔ ہلاک ملزمان کوزخمی سوزوکی ڈرائیور اعجاز کی جانب سے بھی شناخت کرلیا گیا ہے۔ ہلاک ملزم نجیب اللہ ولد فیض اللہ افغان باشندہ تھا اور اس کے خلاف سرسید ،اتحاد ٹاؤن اورسعید آباد تھانے میں 5 مقدمات درج تھے۔ ہلاک 2 ڈکیتوں کا سابقہ کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔