راولپنڈی میں منشیات فروشوں کی فائرنگ سے کانسٹیبل شہید
راولپنڈی میں تھانہ روات کے علاقے بگاشیخاں کے قریب منشیات فروشوں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل محمد احسان کیانی چھاتی میں گولی لگنے سے شہید ہوگیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے گینگ کا سرغنہ بھی موقع پر مارا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ روات پولیس کے سب انسپکٹر منظور احمد نے پولیس نفری کے ساتھ ڈھوک رعایت نزد بگاشیخان میں بدنام زمانہ منشیات فروش آزاد عرف ماما کے گھر پر چھاپہ مارا تو ملزم اور اُس کے ساتھیوں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی۔
فائرنگ کے نتیجے مین پولیس کانسٹیبل محمد احسان سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج شہید ہوگیا۔ پولیس نے ملزمان ماما آزاد اور دیگر منشیات فروش ساتھیوں کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کرلیں۔
دوسری جانب سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقع کانوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر نبیل کھوکھر کو فوری موقع پر پہنچ کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا ہے کہ علاقے میں فرار ہونے والے منشیات فروشوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے منشیات فروشوں گینگ کا سربراہ بھی مارا گیا ہے جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے ملزمان کی گرفتاری کیلیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔