عمران خان فوکل پرسن بازیابی کیس میں خصوصی ٹیم کی تشکیل

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 اکتوبر 2024
عدالت نے کیس کی سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کردی:فوٹو:فائل

عدالت نے کیس کی سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کردی:فوٹو:فائل

  اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کے فوکل پرسن انتظار پنجوتھا بازیابی کیس میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے لاپتا فوکل پرسن انتظار پنجوتھا کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی کہ انتظار پنجوتھا آئی ایس آئی کی تحویل میں نہیں ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ ایس ایس پی انوسیٹیگیشن کو پولیس سے رابطے کے لیے فوکل پرسن بھی مقرر کیا گیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایس ایس پی فوکل پرسن فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ساتھ رابطے میں رہیں اور انتظار پنجوتھا کی فوٹیجز درخواست گزار کے وکیل کے ساتھ شئیرکی جائیں۔ بتایا گیا ہے کہ انتظار پنجوتھا کی لوکیشن ٹریس کرنے کے لیے آئی بی کو خط لکھا گیا ہے۔ آئندہ سماعت سے قبل آئی بی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔