سندھ میں پولیو کے مزید دو کیسز رپورٹ رواں سال تعداد 12 ہوگئی

پاکستان میں رواں سال مجموعی طور پر پولیو کے 39 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں

فوٹو- فائل

سندھ میں مزید دو پولیو کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں رواں سال کیسز کی تعداد 12 ہوگئی ہے، پاکستان میں رواں سال مجموعی طور پر پولیو کے 39 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت نے سندھ میں مزید دو پولیو کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد رواں سال صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔


تازہ ترین کیسز سانگھڑ اور میرپورخاص سے رپورٹ کیے گئے ہیں جو کہ ٹائپ ون وائلڈ پولیو وائرس کے شکار ہیں جو وائرس کی سب سے خطرناک قسم سمجھی جاتی ہے۔

ای او سی سندھ کے مطابق سندھ بھر میں رواں سال اب تک پولیو وائرس کے بارہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔حیدرآباد، کیماڑی اور جیکب آباد سے دو، دو کیسز جبکہ شکارپور، سجاول، سانگھڑ، میرپورخاص، کراچی ضلع شرقی اور ملیر سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوئے ہیں، کراچی میں اب تک چار پولیو کیسز سامنے آئے ہیں۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں رواں سال اب تک پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے، پاکستان پولیو پروگرام کے تحت 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا جس میں ملک بھر کے پانچ سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
Load Next Story