ٹیلیگرام اکاؤنٹ پر اسرائیل کے ممکنہ جوابی حملے کی تفصیلات لیک

یہ دستاویزات پینٹاگون کی ملکیت ہے جو قومی سلامتی کے منصوبے سے منسوب ہے

(فوٹو: انٹرنیٹ)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹیلیگرام اکاؤنٹ پر اسرائیل کے ایران کے خلاف ممکنہ جوابی حملے کی انتہائی خفیہ معلومات لیک ہو گئی ہیں۔

یہ خفیہ معلومات 'مڈل ایسٹ اسپیکٹیٹر' نامی ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر شائع کی گئی ہیں، اور ان دستاویزات پر 15 اور 16 اکتوبر کی تاریخ درج ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر اپ لوڈ ہونے والی یہ دستاویزات وائرل ہونا شروع ہو گئی جس کے بعد امریکا نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔



ایک امریکی عہدیدار نے امریکی نشریاتی ادارے کو ان دستاویزات کی حساسیت کے حوالے سے بتایا کہ یہ وہ خفیہ دستاویزات ہیں جو امریکا کے علاوہ صرف آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، برطانیہ اور کینیڈا دیکھ سکتے ہیں۔

امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ان دستاویزات میں ایران پر اسرائیل کے ممکنہ حملے کی تیاریوں کی تفصیلات کے علاوہ ہتھیاروں کی نقل و حمل کی معلومات بھی شامل ہے۔

ان حساس اور ٹاپ سیکرٹ دستاویزات کے حوالے سے امریکی عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ یہ دستاویزات پینٹاگون کی ملکیت ہے جو قومی سلامتی کے منصوبے سے منسوب ہے، حکام تفتیش کر رہے ہیں کہ ان دستاویزات تک کس کی رسائی تھی۔

Load Next Story