سلمان خان سے پانچ کروڑ بھتہ مانگنے والے گینگسٹر نے معافی مانگ لی
بھارت کے بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی گینگ کے ایک رکن نے سلمان خان کو قتل کی دھمکی دینے کے بعد اب معافی مانگ لی ہے۔ اس شخص نے دعویٰ کیا کہ دھمکی والا پیغام سلمان خان کو غلطی سے بھیج دیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل ممبئی ٹریفک پولیس کو واٹس ایپ کے ذریعے ایک دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر سلمان خان اپنی جان بچانا چاہتے ہیں اور دیرینہ دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں 5 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے، بصورت دیگر ان کا حال بابا صدیقی سے بھی بدتر ہوگا، جنہیں بشنوئی گینگ نے حال ہی میں قتل کیا تھا۔
تاہم، اب اسی شخص نے دوبارہ ممبئی پولیس کو پیغام بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ "مجھ سے غلطی ہوگئی، وہ پیغام سلمان خان کے لیے غلطی سے بھیج دیا گیا تھا۔"
پولیس ذرائع کے مطابق یہ پیغام جھارکھنڈ سے موصول ہوا اور اس کی لوکیشن ٹریس کی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھمکی دینے والے شخص کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہو۔ 2022 میں سلمان کو ایک دھمکی آمیز خط ان کی رہائش گاہ کے قریب سے ملا تھا اور 2023 میں ای میل کے ذریعے بھی دھمکی دی گئی تھی۔ جنوری 2024 میں دو نامعلوم افراد نے سلمان کے پنویل فارم ہاؤس میں جعلی شناخت کے ذریعے گھسنے کی کوشش بھی کی تھی، جس کے بعد اداکار کی سکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔