سندھ ہائیکورٹ کا میئر کراچی کے براہ راست انتخاب سے متعلق درخواست پر تحریری حکم جاری
سندھ ہائیکورٹ نے میئر کراچی کے براہ راست انتخاب سے متعلق درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل درخواستگزار کے مطابق مئیر کراچی سے متعلق درخواستیں آئینی تناظر میں دائر ہیں۔ وکیل درخواستگزار نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد یہ درخواستیں آئینی بینچ ہی سن سکتا ہے۔
جب تک صوبائی اسمبلی میں آئینی بینچ کی تشکیل کا مرحلہ مکمل نہیں ہوتا اس وقت روسٹر کے مطابق بینچز سماعت کرتے رہیں گے۔ 26 ویں ترمیم کے تحت ہائی کورٹس میں آئینی بینچ کی تشکیل کے لئے متعلقہ اسمبلیوں کو کثرت رائے سے قرارداد منظور کرنا ہوگی۔ آئینی بینچ کا مرحلہ مکمل ہونے تک حسب معمول بینچز اپنا کام جاری رکھیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء سے دلائل طلب کرلیے۔ عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے عبوری حکم امتناع میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی ۔ عدالت نے مئیر کراچی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو درخواست کے حتمی فیصلے سے مشروط کر رکھا ہے۔