کے پی میں نوجوان روزگار اسکیم، 10 لاکھ سے ایک کروڑ روپے قرض فراہم کرنے کی تجویز
خیبرپختونخوا حکومت نے مختلف فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کے باضابطہ اجرا کے لیے رواں سال یکم دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ احساس نوجوان روزگار اسکیم کے تحت نوجوانوں کو 10 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک آسان قرض فراہم کیا جائے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جہاں اراکین کابینہ سید قاسم علی شاہ، سید فخر جہاں، ڈاکٹر امجد علی، چیف سیکریٹری اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکریٹریز بھی شریک تھے اور اجلاس میں احساس نوجوان روزگار اسکیم، احساس ہنر پروگرام، احساس اپنا گھر اسکیم اور احساس روزگار پروگرام کے اجرا پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مذکورہ منصوبوں کے باضابطہ اجرا کے لیے رواں سال یکم دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کردی گئی اور وزیر اعلیٰ نے تمام پروگراموں پر عمل درآمد کے لیے ہوم ورک اور لوازمات کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ احساس نوجوان روزگار اسکیم کے تحت ایک ملین(10 لاکھ) سے دس ملین (ایک کروڑ) روپے تک کے آسان قرضے فراہم کرنے کی تجویز ہے، پروگرام کے تحت لون کی فراہمی کے لیے تین سے پانچ ہنر مند نوجوانوں کے کلسٹرز کو ترجیح دی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ احساس ہنر پروگرام کے تحت فنی اور پیشہ ورانہ اداروں سے گریجویٹس یا ڈپلومہ، سرٹیفکیٹس ہولڈرز کو کاروبار شروع کرنے کے لیے 5 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کرنے کی تجویز ہے۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ احساس اپنا گھر پروگرام کے تحت مستحق افراد کو گھر تعمیر کرنے، موجودہ گھر کی توسیع و مرمت وغیرہ کے لیے بلاسود قرضہ فراہم کیا جائے گا، احساس روزگار (مائیکرو فنانس) اسکیم کے تحت نیا کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار کی توسیع کے لیے بلا سود قرضے فراہم کرنے کی تجویز ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مذکورہ پروگرامز حتمی منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کو پیش کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ یہ عوامی فلاح اور نوجوانوں کو باروزگار بنانے کے اہم پروگرامز ہیں لہٰذا ان پر فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں زکوٰۃ فنڈز کے تحت مستحق گھرانوں کی بچیوں کی شادیوں کے اجتماعی پروگرامز بھی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیااور وزیر اعلی نے اس حوالے سے مستحق گھرانوں کی بچیوں کی شادیوں کے اجتماعی پروگراموں کو بھی جلد حتمی شکل دی جائے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی سطح پر بڑے پیمانے کے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے، اسی طرح ضلعی ہیڈکوارٹرز کی سطح پر بھی پروگرامز منعقد کیے جائیں، موجودہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو باروزگار بنانے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے وژن کے تحت کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے اس کے بلا واسطہ ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں۔