وسائل کے درست استعمال کیلیے مختلف محکموں کی سرکاری مشینری کی فزیکل تصدیق شروع، مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں میں زیراستعمال سرکاری گاڑیوں اور ایندھن سے چلنے والے آلات و مشینری کی فزیکل تصدیق شروع کردی گئی ہے جس کا مقصد ادارے کے وسائل کے درست اور شفاف استعمال کو یقینی بنانا ہے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و عملے کے زیر استعمال 600 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سمیت مختلف محکموں میں زیر استعمال 430 خدماتی گاڑیوں بشمول جنریٹرز ودیگر کی تصدیق بھی کی جارہی ہے،22 اکتوبر سے شروع ہونے والا تصدیقی عمل 20 نومبر تک جاری رہے گا جس کے دوران محکمہ پارکس، فائر بریگیڈ، فیومیگیشن، انجینئرنگ، میونسپل سروسز، اینٹی انکروچمنٹ، لینڈ، کچی آبادی، سٹی وارڈن، اسٹیٹ، ایچ آر ایم اور دیگر محکموں کی گاڑیوں کو چیک کیا جائے گا، تصدیقی عمل کے دوران کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہونے والی گاڑیوں کا ماہانہ ایندھن بند کردیا جائے گا۔
میئر کراچی بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر ہدایت کی کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گاڑیوں کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے لیے فزیکل تصدیق کا عمل ہر پہلو سے مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام محکموں سے رابطہ رکھا جائے اور انہیں ہدایت کی جائے کہ کے ایم سی کے تمام افسران و دیگر عملہ اپنے زیر استعمال سرکاری گاڑی سمیت مقررہ وقت پر تصدیقی کمیٹی کے روبرو پیش ہو اور اپنی گاڑیوں کا معائنہ کرائے۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کی گاڑیوں اور آلات کے تصدیقی عمل سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مثبت مالی فائدہ حاصل ہوگا،کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں تصدیقی عمل کے لیے متعلقہ محکموں کے افسران پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، تصدیقی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں مستقبل میں کے ایم سی کی گاڑیوں اور آلات کے استعمال کو مزید بہتر اور موثر بنایا جائے گا۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سرکاری وسائل اور اثاثوں کی مستقل مانیٹرنگ کی جائے اور سرکاری قواعد و ضوابط کے مطابق تمام معاملات کو درست خطوط پر استوار کیا جائے جس سے شہریوں کی ہرممکن بہتر انداز میں خدمت ہوسکے گی۔