آئی ایم ایف کی شرط: ٹریکٹر کی خریداری پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم
ایف بی آر نے آئی ایم ایف کی شرط پر ٹریکٹرز کی خریداری پر سیلز ٹیکس کی مد میں دی گئی چھوٹ ختم کردی جس کے بعد سیلز ٹیکس میں 4 فیصد اضافہ ہوگیا۔
اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق مقامی ٹریکٹرز کی فروخت پر سیلز ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 14 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ امپورٹڈ ٹریکٹرز پر بھی سیلز ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 14 فیصد کر دیا گیا ہے لیکن اب بھی ٹریکٹرز کی خرید و فروخت پر اب بھی چار فیصد سیلز ٹیکس چھوٹ باقی ہے یعنی چھوٹ ختم ہونے کے بعد سیلز ٹیکس 18 فیصد پر جاسکتا ہے۔
اس بارے میں ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ ٹریکٹرز کی خرید و فروخت پر چار فیصد سیلز ٹیکس کی چھوٹ کو بھی ختم کیا جاسکتا ہے، ٹریکٹرز کی خرید و فروخت پر معیاری شرح کے مطابق 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کیا جاسکتا ہے۔ حکام نے دعویٰ کیا کہ سیلز ٹیکس بڑھنے سے ٹریکٹرز مہنگے نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق چار فیصد سیلز ٹیکس بڑھنے سے ٹریکٹرز مزید 80 ہزار روپے مہنگے ہونے کا تخمینہ ہے، ٹریکٹرز کی خرید و فروخت پر سیلز ٹیکس چھوٹ آئی ایم ایف کی شرط پر ختم کی گئی ہے۔