پاکستان میں 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کی موجودگی منافع بخش مواقع کا مظہر ہے، وفاقی وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملک میں امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کی موجودگی مضبوط مارکیٹ میں منافع بخش مواقع کی گواہی ہے۔
وفاقی وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یو ایس پاکستان بزنس کونسل (یو ایس پی بی سی) کی قیادت اور اراکین کے ساتھ ظہرانے میں ملاقات کی۔
وزیر خزانہ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات مضبوط کرنے میں یو ایس پی بی سی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کی موجودگی 240 ملین کی مضبوط مارکیٹ میں منافع بخش مواقع کی گواہ ہے۔
انہوں نے امریکی کمپنیوں کو حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) کے ذریعے فراہم کردہ ون ونڈو سہولت سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے یو ایس پی بی سی کو اس سال پاکستان میں کاروباری وفد کی قیادت کرنے کی دعوت کا حوالہ دیا، جس سے پاکستان میں باہمی فائدہ مند شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔
تقریب میں محمد اورنگزیب نے پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے سوالات کا جواب دیا اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔