اے این ایف آپریشنز میں ایک کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کاا عتراف کرلیا
راولپنڈی: اے این ایف کی مختلف کاروائیوں کے دوران ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملک بھر میں تعلیمی اداروں کے اطراف اور دیگر علاقوں میں منشیات فروشی و اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اسی سلسلے میں 13 مختلف کارروائیوں میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 81.806 کلوگرام منشیات برآمد کرکے 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کراچی میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب ملزم سے 1 کلو 800 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اُدھر حیدر آباد میں فتح چوک کے قریب سے ملزم سے 490 گرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح آر سی ڈی روڈ حب میں کوریئر آفس سے کراچی بھیجے جانے والے پارسل سے 46 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔
حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم سے 4 کلو چرس برآمد کی گئی۔ بیدڑہ چوک مانسہرہ کے قریب ملزم سے 230 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
دریں اثنا ملتان ائرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر سے 2 کلو 400 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ گوجرانوالہ میں ملزم سے 16 کلو 600 گرام چرس برآمد ہوئی جب کہ جی ٹی روڈ گجرانوالہ سے ایک کلو 440 گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
دوسری جانب سبی روڈ کوئٹہ کے قریب ملزم سے ایک کلو 500 گرام ہیروئن اور 500 گرام آئس برآمد کی گئی۔ پنجگور سے 25 کلو چرس برآمد ہوئی۔ اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی کے قریب سے 2 ملزمان سے ایک کلو 200 گرام افیون اور 12 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ ایم ون اسلام آباد پر گاڑی سے 10 کلو ہیروئین برآمد ہوئی جب کہ کوہ نور ملز راولپنڈی کے قریب سے 4 کلو 800 گرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تمام کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔