کراچی میں مضر صحت مصالحے کی فیکٹری پکڑی گئی

سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں چھاپہ، 10 ہزار گلو مضر صحت اور غیر معیاری مصالحہ پکڑا گیا

کراچی:

سندھ فوڈ اتھارٹی کی ویجیلنس ٹیم نے سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں واقع ایک بڑی مصالحہ ساز فیکٹری پر چھاپہ مارکر 10ہزار کلو گرام مضر صحت و غیرمعیاری مصالحہ برآمد کرلیا۔

سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے ایکسپریس کو بتایا کہ معائنے کے دوران 400 سے زائد خراب مصالحے کی بوریاں برآمد ہوئیں، جس میں حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہوئی۔

فوڈ سیفٹی آفیسر محبوب علی بھٹی کی سربراہی میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے انٹیلیجنس بیسڈ انفارمیشن پر فیکٹری کا معائنہ کیا اور اسکے مختلف حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

معائنے کے دوران اس بات کی نشاندہی ہوئی کہ مصالحوں میں کون فلار اور چوکر شامل کرکے ملاوٹ کی گئی ہے، جس کی بنیاد پر فیکٹری کو فوری طور پر سیل کردیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ فیکٹری کے پروڈکشن ایریا میں کاکروچ، بلیاں اور مکڑیوں کے جالے پائے گئے جو فیکٹری کی صفائی کی ناقص حالت کو ظاہر کرتے ہیں۔

غیر معیاری اور مضر صحت مصنوعات کی فروخت پر فیکٹری پر 4لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے فیکٹری کو فوری طور پر سیل کرنے کے ساتھ تمام غیر محفوظ مصنوعات کو تلف کرنے کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے رابطہ کیا گیا ہے۔

سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی جاری رہے گی، تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔

Load Next Story