کراچی میں آج درجہ حرارت 39.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ
محکمہ موسمیات نے گرمی کی حالیہ لہرمزید 3 روزبرقرار رہنے کی پیش گوئی کردی
اسٹاف رپورٹر |
October 27, 2024
کراچی: شہر میں بلوچستان کی ریگستانی ہواؤں کے اثرات/ گرمی کی لہر برقرار رہے گی،اتوار کو پارہ 39.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
اتوار کو شہر میں گرم اور خشک دن ریکارڈ ہوا،جس کے دوران دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں غیرفعال ہونے کے سبب لو کے تھپیڑے چلے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.5 ڈگری جبکہ نمی کا تناسب 41 فیصد رہا.
محکمہ موسمیات نے گرمی کی حالیہ لہرمزید 3 روزبرقرار رہنے کی پیش گوئی کردی، پیر کو درجہ حرارت 40 جبکہ منگل کو 39 ڈگری کو چھوسکتا ہے، دن کے پہلے نصف کے دوران بلوچستان کی گرم وخشک ہوائیں کراچی پر اثرانداز رہ سکتی ہیں، مختصر وقت کے لیے بند سمندری ہوائیں شام کے وقت بحال ہونے کی توقع ہے۔
صبح کے وقت نمی کے تناسب میں اضافہ جبکہ دوپہر میں تناسب معتدل رہ سکتا ہے،دیہی سندھ کےسجاول،ٹھٹھہ، عمرکوٹ، میرپورخاص، تھرپارکر میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔