وزیراعلیٰ پنجاب نے کسان کارڈ کا اجرا کردیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسان کارڈ کا اجرا کردیا اور کاشت کاروں میں کسان کارڈ تقسیم کردیے اور کہا ہے کہ ہم ایسی پالیسی بنانے رہے ہیں کہ کسان کو فائدہ پہنچے اور درمیان سے آڑھتی کا کردار ختم ہوجائے۔
یہ بات انہوں نے حافظ آباد میں کسان کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ساتھ صوبائی وزرا، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور دیگر بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں انہوں ںے کہا کہ یہ کارڈ نواز شریف کو تقسیم کرنے تھے وہ کسی کام سے باہر ملک گئے ہیں اس لیے ان کی جگہ اب میں یہ کارڈ تقسیم کررہی ہوں،
انہوں نے کہا کہ جب ہم نے گندم نہیں خریدی تو ہمیں اپنوں اور غیروں سے باتیں سننی پڑیں، آٹا مہنگا ہونے کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا، ہمیں ایسی پالیسی بنانی ہیں کہ کسانوں کا نقصان نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز اسکیم کا افتتاح ہونے والا ہے جلد اس کی بیلٹنگ ہوگی، اس کی پندرہ لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، ایک ٹریکٹر 40 لاکھ کا ہے جس پر 10 لاکھ روپے تک حکومت سبسڈی دے گی۔
انہوں نے کہا کہ دس تا 15 ارب روپے سے ایسا پروگرام لانے والے ہیں جس میں ہر تحصیل میں ایسا سیٹ اپ لگایا جائے گا کہ کسان انتہائی کم قیمت پر وہ مشینری حاصل کرکے اپنا کام کرسکے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی ڈیزل اور پیٹرول سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولرائزڈ کرنے جارہے ہیں، پہلے مرحلے میں سات ہزار کو سولرائزڈ کریں گے تاکہ بجلی کا بل کم ہوسکے۔