اسموگ تدارک مہم؛ لاہور میں بغیر ترپال ٹریکٹر ٹرالی اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کا داخلہ بند
اسموگ تدارک مہم کے حوالے سے لاہور میں بغیر ترپال اور بغیر دیگر حفاظتی اقدامات کے ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر دھوان چھوڑنے والی گاڑیوں کا داخلہ بندکر دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور کے حکم پر سرکل افسران نے رات گئے داخلی و خارجی راستوں کے وزٹس کیے، ڈی ایس پی نوانکوٹ رانا یونس نے ٹھوکر نیاز بیگ اور بابو صابو پر آپریشن کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو چالان کی بجائے بند کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کے مطابق رواں ماہ کے دوران دھواں چھوڑنے والی 780 گاڑیاں شہر کے مختلف تھانوں میں بند کرائی گئیں، کسی بھی ہیوی ٹریفک کو مقررہ اوقات سے قبل لاہور شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق رواں ماہ 5 ہزار سے زائد گاڑیوں کو بھاری جرمانے کیے گئے جبکہ ریت، مٹی اور دیگر ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی 05 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چالان کیا گیا اس ے علاوہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ 1402 جبکہ انتہائی خستہ حال 210 فٹنس سرٹیفکیٹ کینسل کروائے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے شہروں سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رات کے وقت آرٹیفشل انٹیلیجنس سسٹم کی مدد سے بھی چالاننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔