انصاف کے دہرے معیار سے امن قائم نہیں ہو سکتا، ایاز صادق
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے امن کے قیام اور انصاف کی فراہمی کے لیے منتخب نمائندوں کے کردار کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کے دہرے معیار سے امن قائم نہیں ہو سکتا،فلسطین اور کشمیر کی صورتحال تشویشناک ہے،
تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنا ضروری ہے،عالمی سطح پر انصاف کی یکساں فراہمی کو یقینی بنانا ہو گا، انھوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کے روز قومی اسمبلی آف پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونیوالے پارلیمنٹرین فار گلوبل ایکشن کے 45 ویں سالانہ فورم اور پارلیمنٹرینز کی مشاورتی اسمبلی کے13 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،
انہوں نے پاکستان آمد پر معزز مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں سے کثیر تعداد میں شرکت عالمی امن و انصاف کے فروغ کیلئے ہماری کوششوں کا ثبوت ہے، بحیثیت منتخب عوامی نمائندے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اور انکی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔