لبنان وغزہ کے لیے 17ویں امدادی کھیپ کراچی سے روانہ
لبنان اور غزہ کے لیے 17ویں امدادی کھیپ منگل کی صبح کراچی سے روانہ کردی گئی۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے غزہ اور لبنان کے لیے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
منگل کو جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ کراچی سے امدادی سامان کی17ویں کھیپ روانہ کر دی گئی ہے، ہوائی جہاز 17 ٹن امدادی سامان لیکر بیروت پہنچے گا۔
این ڈی ایم اے لبنان و غزہ کے لیے مجموعی طور پر 1 ہزار 610 ٹن امدادی سامان بھیجواچکا ہے جبکہ لبنان کے لیے روانہ کی گئی اس امدادی کھیپ میں ادویات، تیار کھانا،چاول، خیمے، گرم کپڑے اور خشک دودھ شامل ہیں۔
سامان روانگی تقریب میں ایم این اے ڈاکٹر فاروق ستار، این ڈی ایم اے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان موجود تھے،عوام فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں تک اپنی عطیات پہنچانے کے لیے غزہ اور لبنان کے لیے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کروا سکتے ہیں۔