سعودی جیلوں میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد منشیات کے جرائم کی وجہ سے قید ہے، پاکستانی سفیر

ہر سال رہا ہونے کے باوجود اتنے ہی پاکستانی پھر پکڑے جاتے ہیں، ریاض میں پاکستانی سفیر کی میڈیا سے گفتگو

RIO:

سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ سعودیہ کی جیلوں  پاکستانیوں کی بڑی تعداد منشیات کے جرائم میں ملوث ہونے کی وجہ سے قید ہے۔

ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کسی نہ کسی جرم میں قید ہیں کیونکہ ہر ملک کے قوانین ہیں، قیدیوں کی بڑی تعداد منشیات کے جرائم میں ملوث پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارت خانے کی جانب سے کمیونٹی کو پیغامات بار بار جاری کیے جاتے ہیں تا کہ لوگ یہاں رزق حلال کما کر اپنے گھر والوں کو بھیجیں، ویڈیو پیغامات میں انکو تلقین کی جاتی ہے کہ میزبان ملک کے قوانین کا احترام کریں تا کہ قید نہ ہوں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہر سال سعودی حکومت کی جانب سے دی جانے والی ایمنسٹی کے تحت بہت لوگ رہا کئے جاتے ہیں مگر اتنے ہی دوبارہ گرفتار ہو جاتے ہیں، سعودی عرب میں ہائیا سکلڈ ورکر کی بہت ڈیمانڈ ہے اس لئے ہمیں صرف مزدور نہیں بلکہ اعلی تعلیم یافتہ لوگ بھی بھیجنے چاہیے۔

Load Next Story