بھارت؛ 2 گرل فرینڈز کیساتھ مل کر بیوی کو قتل کرنے والا شوہر گرفتار
24 سالہ فارمسسٹ نے 2 نرسوں کی مدد سے اپنی بیوی کو بے ہوشی کی دوا دیکر قتل کردیا تھا
بھارت میں اعلیٰ تعلیم یافتہ شوہر نے اپنی 2 گرل فرینڈز کی مدد سے بیوی کو نشہ آور دوا دیکر قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اوڈیشہ کے شہر بھونیشور میں پیشے کے اعتبار سے فارمسسٹ پردمونیا کمار نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے لیے اسپتال میں کام کرنے والی نرسوں فرینڈز روزی پاترا اور ایجیتا بھویان کی مدد لی۔
یہ دونوں نرسیں 24 سالہ فارمسسٹ کی گرل فرینڈز بھی تھیں اس لیے انھوں نے اس کام کی ہامی بھری اور بیوی سبھاشری کو اینستھیزیا میں استعمال ہونے والی دوا کی بھاری مقدار میں لگادی۔
سبھاشری کو نیم مردہ حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا اور ڈاکٹرز کو بتایا کہ اس کی بیوی نے خودکشی کی کوشش کی ہے۔ ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کردی۔
تاہم پوسٹ مارٹم نے بھانڈہ پھوڑ دیا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ لڑکی نے خودکشی کے لیے دوا پی لی بلکہ انجیکشن کسی اور نے لگائے تھے۔
پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا تو انکشاف ہوا کہ فارمسسٹ پردمونیا کمار نے برسوں تک ڈیٹنگ کے بعد 2020 میں سبھاشری سے شادی کی تھی جو کامیاب نہ ہوسکی اور دونوں کے درمیان جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔
اسی دوران پردمونیا کمار کی ملاقات نرس اجیتا سے ہوئی اور دنوں قریبی دوست بن گئے اور پھر اس کی ملاقات روزی سے ہوئی۔ وہ بھی نرس تھی۔
تینوں کے درمیان دوستی گہری ہوتی چلی گئی جس پر گزشتہ 6 ماہ قبل سبھاشری اپنے والدین کے گھر چلی گئی اور وہی رہ رہی تھی۔
شوہر نے اپنی دونوں گرل فرینڈز سے مشاورت کے بعد بیوی کو ایک گرل فرینڈ کے گھر معاملہ حل کرنے کے بہانے بلایا اور نشہ آور انجیکشن لگا دیا۔