سندھ میں ڈینگی ، ملیریا اور چکن گونیا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ

سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 16 کیسز رپورٹ ہوئے، محکمہ صحت

کراچی:

سندھ میں روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی ملیریا اور چکن گونیا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا رہا ہے، محکمہ صحت سندھ نے اعداد و شمار جاری کردیے.

محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 16 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 11 کا تعلق کراچی سے ہے، صوبے میں رواں سال رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیسز کی تعداد 2048 ہوگئی،جن میں سے 1735 کا تعلق کراچی سے ہے۔

کراچی میں رواں سال ڈینگی کے سب سے زیادہ 555 ڈینگی کیسز ضلع شرقی سے رپورٹ ہوئے، رواں سال ضلع وسطی سے 455،ضلع کورنگی سے 127، ضلع جوبی سے 320 ،ضلع غربی سے 95 ،ضلع ملیر سے 89 اور ضلع کیماڑی سے 94 ڈینگی کیسز رپورٹ منظر عام پر آئے۔

سندھ میں ڈینگی کے سبب رواں سال ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی،جس کا تعلق کراچی ضلع وسطی سے تھا۔ ملیریا کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سندھ میں رواں سال اب تک ملیریا کے 2 لاکھ 53 ہزار 785 کیسز رپورٹ ہوئے،جن میں سے 2009 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

کراچی میں ملیریا کے سب سے زیادہ 1051 کیسز ضلع ملیر سے رپورٹ منظر عام پر آئے،رواں سال ملیریا کےضلع جنوبی سے 266،ضلع غربی سے 210، ضلع شرقی سے 87،ضلع وسطی سے 79 اور ضلع کورنگی کے 316 ملیریا کیسز رپورٹ کیے گئے،جبکہ رواں سال ضلع کیماڑی سے ملیریا کا ایک بھی کیسز رپورٹ نہیں ہوا۔

رواں سال سندھ میں ملیریا سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ رواں سال سندھ میں چکن گونیا کے 1098 مشتبہ کیسز میں سے 181 میں چکن گونیا کی تصدیق ہوئی۔

Load Next Story