حماس کیساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کا زخمی اہلکار بھی ہلاک؛ تعداد 3 ہوگئی

2 اہلکار حماس کے ساتھ دوبدو جھڑپ میں جب کہ ایک اتفاقی طور پر ہینڈ گرنیڈ پھٹنے سے ہلاک ہوا

غزہ میں حماس کے ساتھ دوبدو جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے 2 اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور تیسرا شدید زخمی ہوگیا تھا جس نے آج دوران علاج دم توڑ دیا۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق فوجی ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملٹری اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑنے والا اہلکار 20 سالہ شہنیئور زلمان تھا۔ 

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والا اہلکار مغربی کنارے میں یہودی آبادکار کے طور پر رہائش پذیر تھا اور لازمی فوجی تربیت کے پروگرام کے تحت بھرتی کیا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ اہلکار حماس کے ساتھ جھڑپ میں نہیں بلکہ حادثاتی طور پر ایک ہینڈ گرنیڈ کے پھٹنے سے زخمی ہوا تھا۔ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان تینوں ہلاکتوں کے بعد غزہ میں حماس کے ساتھ دوبدو جنگ میں مارے گئے فوجیوں کی تعداد 371 ہوگئی تاہم آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تعداد 778 ہے جن میں 6 کرنل بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023  سے جاری اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 43 ہزار 314 ہوگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ دس لاکھ سے زائد بے گھر ہوچکے ہیں۔ صحت کا نظام تباہ حال ہے۔

 

Load Next Story