بھکر؛ گھریلو جھگڑے پر بدبخت بیٹے نے ماں کو کلہاڑی کے وار سے قتل کردیا
نواحی علاقے حیدرآباد تھل میں بدبخت بیٹے نے گھریلو جھگرے پر ماں کو کلہاڑی کے وار سے قتل کردیا، باپ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے ذرائع کے مطابق بھکر کے نواحی علاقے حیدر آباد تھل میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں بدبخت بیٹے نے تیز دھار کلہاڑی کے وار سے ماں کو شدید زخمی کردیا، 55 سالہ شدید زخمی منظوراں مائی اسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق سر میں گہرے زخم آنے کے باعث موت واقع ہوئی جبکہ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی پی او شہزاد رفیق کے مطابق قاتل بیٹا توقیر موقع سے فرار ہے جبکہ وجہ عناد گھریلو جھگڑا ہے، ملزم کے والد محمد نواز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ڈی پی او کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور اسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔