یوگنڈا؛ چرچ میں عبادت کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 14 افراد ہلاک، 34 زخمی

حادثہ شمالی یوگنڈا کے ضلع لیمو میں پیلابیک مہاجر کیمپ میں پیش آیا، پولیس

KAMPALA, UGANDA:

یوگنڈا کے شمالی علاقے میں واقع ایک چرچ میں عبادت کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 14 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یوگنڈا کی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں بتایا کہ آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ شمالی یوگنڈا کے ضلع لیمو میں پیلابیک مہاجر کیمپ میں پیش آیا جہاں لوگ عبادت کے لیے جمع تھے۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد عبادت کے لیے جمع تھے اور اسی دوران بارش شروع ہوئی اور بجلی کڑکنے لگی اور آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا۔

حادثے کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ مہاجر کیمپ میں جاں بحق ہونے والی افراد کی شناخت نہیں ہوسکی اور نہ ہی یہ معلوم ہوسکا کہ ان کا تعلق کس ملک سے تھا لیکن مذکورہ کیمپ اور خطے کے دیگر علاقوں میں موجود اکثر مہاجرین کا تعلق جنوبی سوڈان سے ہے۔

پولیس نے بتایا کہ یہاں پر موجود اکثر مہاجرین سوڈان میں خونی خانہ جنگی کے دوران وہاں سے نقل مکانی کرنے والے لوگ ہیں جہاں 2011 میں آزادی کے فوری بعد بدترین خانہ جنگی کا آغاز ہوگیا تھا۔

پولیس کے مطابق متاثرین میں سے اکثر کم عمر افراد ہیں اور ان میں ایک 9 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ مشرقی افریقی ممالک میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات عام ہیں اور خاص طور پر ان اسکولوں میں جہاں بہت کم بجلی کے کنڈکٹرز نصب ہوتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے کے مطابق پیلابیک مہاجر کیمپ میں 80 ہزار سے زائد مہاجرین اور پناہ گزین موجود ہیں اور ان میں سے زیادہ تر جنوبی سوڈان سے ہیں۔

Load Next Story