ڈیل کا الزام لگانے والی حکومت بتائے ڈیل کس سے ہو رہی ہے، بیرسٹرسیف
خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے حکومتی ارکان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی ڈیل کے تحت رہائی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بتائے کہ ڈیل کس سے ہو رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے ڈیل کے الزامات پر ردعمل میں کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری اور بے نظیر سمیت ہر رہنما ڈیل کے بعد باہر گیا لیکن عمران خان رہائی کے بعد پاکستان میں ہی رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی بھی رہائی کے بعد پاکستان میں ہے، پی ٹی آئی رہنما باعزت بری ہوکر اپنے ہی عوام کے درمیان رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیل وہ کرتے ہیں جو ملک اور عوام کو چھوڑ کر باہر اپنے عالیشان محلات میں بسیرا کرتے ہیں، عمران خان کے نہ باہر عالی شان محلات ہیں اور نہ ہی عوام کا پیسہ لوٹا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت بتائے ڈیل کس سے ہورہی ہے، حکومت تو آپ ہی کی ہے، ڈیل کا الزام لگانے والے اپنی جعلی حکومت پر جعلی ہونے کی مہر تصدیق ثبت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت نے پی ٹی آئی کے خلاف ہر حربہ استعمال کیا مگر ناکام رہے۔