پختونخوا پولیس کے 1571 اہلکار ہائیکورٹ اور ماتحت عدلیہ کے ججز کی حفاظت پر مامور
پشاور: خیبر پختونخوا پولیس کے 1571 اہل کار ہائی کورٹ اور ماتحت عدلیہ کے ججز کی حفاظت پر مامور ہیں۔
صوبائی محکمہ پولیس کی جانب سے خیبر پختونخوا اور جنوبی اضلاع میں جوڈیشل افسران اور عدالتوں کی سکیورٹی کے معاملے پر اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، جس کے مطابق صوبے میں ہائی کورٹ اور ماتحت عدلیہ کے ججز کے ساتھ 1571 پولیس اہل کار محافظ کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
صوبے میں جوڈیشل افسران کی رہائش گاہوں اور نقل و حرکت کے دوران پولیس اور ایف سی اہل کار ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں۔ ایڈیشنل سیشن ججز اور سول ججز کو خطرات کے پیش نظر ڈی پی او اور ڈسٹرکٹ ججز کی باہمی مشاورت سے سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے۔
محکمہ پولیس کے مطابق ڈی آئی خان میں 258 پولیس اہل کار جوڈیشل افسران اور کورٹس کی سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ 143 جوڈیشل کمپلیکس ، 17 جوڈیشل افسران کی رہائش گاہوں اور 98 پولیس اہل کار جوڈیشل افسران کے ساتھ بطور محافظ تعینات ہیں۔
اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ ضلع ٹانک میں 22 پولیس اہل کار عدالتوں اور جوڈیشل افسران کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔ 9 پولیس اہل کار کورٹس کی حدود میں ، 5 جوڈیشل افسران کی رہائش گاہوں پر اور 8 جوڈیشل افسران کے ساتھ گارڈز کے طور پر تعینات ہیں۔
جنوبی وزیر ستان میں عدالتوں اور جوڈیشل افسران کے تحفظ کے لیے 64 پولیس اہل کار تعینات ہیں۔