بیرون ملک سے آنے والا شہری موٹر وے پر میزبانوں سمیت لُٹ گیا

کچھ ٹکرانے کی آواز پر گاڑی روک کر چیک کررہے تھے کہ اطراف سے کچھ مسلح افراد نے گھیر کر لوٹ لیا

(فوٹو: فائل)

 

راولپنڈی: بیرون ملک سے وطن واپس آنے والا شہری موٹر وے پر اپنے میزبانوں سمیت لُٹ گیا۔
 
موٹر وے ایم ون پر برہان انٹرچینج کے قریب بیرون ملک سے آنے والے شہری سے اس کے میزبانوں سمیت نقدی ، 3 بیش قیمت موبائل فون اور سامان سے بھرا بیگ لوٹ لیا گیا۔ تھانہ صدر حسن ابدال پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی  ہے۔
 
پولیس کے مطابق صوابی کے رہائشی مدثر زریم نے بتایاکہ اس کا دوست صدیق احمد عمان میں ملازمت کرتا ہے، جو چھٹی پر نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچا، جسے لینے کے بعد عتیق احمد کے ہمراہ گاڑی پر صوابی واپس جا رہے تھے کہ گاڑی بیٹن نمبر 7 برہان انٹرچینج سے کچھ آگے کوہلیہ کے مقام پر پہنچی  تو گاڑی سے کچھ ٹکرانے کی آواز آئی۔
 
انہوں نے بتایا کہ گاڑی روک کر دیکھ ہی رہے تھے کہ  اچانک موٹر وے کی اطراف سے 3 افراد نے آکر گھیر لیا اور اسلحہ کے زور پر صدیق احمد سمیت ہم سب سے 2 لاکھ سے زائد کی نقدی، 3 بیش قیمت موبائل فون اور گاڑی میں سے صدیق احمد کا بیگ جس مین بیش قیمت اشیا و دیگر سامان تھا چھین کر فرار ہوگئے۔
 
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔دوسری جانب موٹر وے پولیس کے ترجمان سے رابطہ کیاگیا تو انہوں نے بتایا موٹروے پر ایسے کسی واقعے کا علم نہیں ہے۔
Load Next Story