ججز کی تعداد اور سروسز چیف کی مدت بڑھانے کا معاملہ، پی ٹی آئی وفد کی فضل الرحمان کے گھر آمد

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی کی قیادت میں وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی

اسلام آباد:

ججز کی تعداد اور سروسز چیف کی مدت بڑھانے کے معاملے پر پی ٹی آئی کے وفد نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے وفد میں اسد قیصر، بیرسٹر گوہر، اخونزادہ حسین یوسف زئی اور دیگر شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے وفد نے مولانا سے حالیہ کی گئی ترامیم پر بات کی۔ ملاقات میں پارلیمان سے منظور ہونے والی ترامیم سے متعلق اپوزیشن جماعتوں کے آئندہ کے لائحہ پر دو طرفہ تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں؛ قائم مقام صدر نے فوجی سربراہان کی مدت 5 سال کرنے کے قانون پر دستخط کردیے

واضح رہے کہ گزشتہ روز قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے سروسز چیفس کی مدت ملازمت اور ججز کی تعداد میں اضافے سے متعلق قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس ہونے والے بلز کی منظوری دی تھی۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کے دستخط کے بعد تمام چھ ترمیمی بلز قانون بن گئے، ان تمام قوانین کو گزٹ نوٹی فکیشن کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ نے پیر کو چھ بلز کی منظوری دی تھی جس کے تحت آرمی، نیول اور ائیر فورس چیفس کی مدت اب تین سے بڑھ کر پانچ سال کردی گئی ہے۔

سینیٹ اور قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34 کرنے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد 9 سے 12 کرنے کا بل بھی کثرت رائے سے منظور کیا تھا جس کی صدر نے منظوری دے دی۔

Load Next Story