13 سالہ گھریلو ملازمہ پر شوہر اور بیوی کا تشدد

تشدد کرنے والے گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا

لاہور کے علاقے ڈیفنس میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کا واقعہ سامنے آگیا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈیفنس سی  کے ایک گھر میں کام کرنے والی 13 سالہ ملازمہ کو گھر کے مالک وقار اور بیوی اقرا اور اسد نامی شخص نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکی کی خالہ کی مدعیت میں وقار،اقرا اور اسد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ وقار اور اسد کو گرفتار کرلیا گیا۔

چیئر پرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے متاثرہ بچی سے ملاقات کی اور انصاف کی یقین دہانی کروائی۔ حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملزم وقار اور اسد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ملزمہ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ خواتین و بچوں پر تشدد کرنے والے عناصر سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔ بچی گزشتہ ڈیڑھ سال سے ڈی ایچ اے میں ایک گھر میں ملازمہ تھی۔ گھر کی مالکن بچی پر تشدد کرتی تھی۔ بچی کے جسم پر زخموں کے بے شمار نشان ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں کو تحفظ فراہم کرنا پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی اولین ذمہ داری ہے۔ اپنے ارد گرد ہونے والے ظلم و زیادتی کے خلاف آواز ضرور  اٹھائیں اور ایسا کوئی بھی واقعہ دیکھیں تو ہیلپ لائن 1737 پر فوری رابطہ کریں۔ عوام کے تحفظ کے لیے پولیس اور تمام قانونی ادارے موجود ہیں۔ لاچار اور بے بس لوگوں پر ظلم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔

Load Next Story