پشاور؛ احتجاجی اساتذہ کے اسکولوں میں رات گزارنے پر پابندی عائد

 اساتذہ اب ہوٹلوں میں رات گزاریں گےاور کل پھر یہاں ہوں گے، صوبائی صدر اپٹا

پشاور:

سیکرٹری تعلیم نے  احتجاجی اساتذہ کے اسکولوں میں رات گزارنے پر پابندی عائد کردی۔ 

سیکرٹری تعلیم نے  ڈسٹرکٹ ایجوکیشن پشاور کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اسکولز انتظامیہ اساتذہ کو کسی صورت رات گزارنے کے لیے جگہ نہ دیں، جن جن سکولوں نے  اساتذہ کو رات کے لیے جگہ دی ان کے خلاف مقدمات درج کے جائیں گے۔

 دوسری جانب  آل پاکستان ٹیچرز ایسوسی ایشن( اپٹا ) کے صوبائی صدر عزیزاللہ نے کہا ہے کہ اگر ڈیپارٹمنٹ کا رویہ یہی رہا تو کل سڑکوں پر نکلیں گے، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی اجازت کے باوجود جناح پارک کو بند کیا گیا ہے، انتظامیہ نے ہمارے ساتھ تعاون کیا ہے جس پر اس کے شکر گزار ہیں۔

صوبائی صدراپٹا کا کہنا تھا کہ اپ گریڈیشن کا اعلامیہ جاری ہونے تک دھرنا اور اسکولوں کی بندش جاری رہے گی، اساتذہ اب ہوٹلوں میں رات گزاریں گےاور کل پھر یہاں ہوں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر اساتذہ ساری رات یہیں پر ہوں گے البتہ مقامی اساتذہ گھروں کو جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ رات گئے پولیس گرفتاریاں کرے،اگر ایسا کیا گیا تو حکومت اور ڈیپارٹمنٹ حالات کے خود ذمہ دار ہوں گے۔

Load Next Story