کنگنا امریکی شہری ہوتیں تو کس کو ووٹ ڈالتیں؟ اداکارہ کا بیان وائرل

کنگنا رناوت نے امریکی انتخابات میں اپنے پسندیدہ اُمیدوار کے بارے میں بتا دیا

بھارت کی مشہور اداکارہ کنگنا رناوت نے امریکی انتخابات میں اپنے پسندیدہ اُمیدوار کے بارے میں بتا دیا۔

امریکہ میں صدر بننے کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس میں کانٹے کا مقابلہ جاری ہے، اس بڑے انتخابات پر دنیا کی نظریں ہیں اور ہر کوئی اس کے نتائج کے انتظار میں ہے ایسے میں بالی ووڈ اسٹار کنگنا رناوت نے بھی امریکی انتخابات پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔

کنگنا رناوت کا تعلق بھارتی ریاست ہماچل پردیش سے ہے وہ بھارتی پارلیمنٹ کی ممبر بھی ہیں اور ان کے پاس امریکی شہریت موجود نہیں ہے تاہم اگر وہ امریکی شہریت رکھتیں تو وہ کس کو ووٹ دیتیں اداکارہ نے انکشاف کردیا ہے۔

کنگنا رناوت نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری میں رواں سال ڈونلڈ ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد وائرل ہونے والی تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’اگر میں امریکی ہوتی تو اس کو ووٹ دیتی جسے گولی لگی، اسے چکمہ دیا، اٹھ کھڑا ہوا اور اپنی تقریر جاری رکھی، ٹوٹل قاتل‘۔

یاد رہے کہ 13 جولائی کو، امریکی صدارتی تاریخ کے سب سے چونکا دینے والے لمحات میں سے ایک اس وقت پیش آیا جب پنسلوانیا میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ پر ایک نوجوان نے فائرنگ کی اور ٹرمپ کو زخمی کردیا، اس حملے میں گولی ٹرمپ کے کان کو چھو کر گزری تاہم وہ کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے، متعدد ریاستوں انڈیانا، کینٹکی، جیارجیا، اوہائیو، ورجینیا اور کیرولینا میں پولنگ مکمل ہوچکی ہے اور ووٹوں کی گنتی اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ کئی ریاستوں میں ووٹنگ جاری ہے۔

کسی بھی امیدوار کو صدارتی انتخاب جیتنے کے لیے 538 الیکٹورل ووٹ میں سے کم از کم 270 ووٹ چاہییں، کملا ہیرس امریکی صدارتی تاریخ کی پہلی خاتون ہیں جو صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہیں۔

اب تک کے نتائج کے مطابق ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 248 ووٹ لے کر سبقت لیے ہوئے ہیں جب کہ ان کی مدمقابل کملا ہیرس 216 ووٹوں کے ساتھ ان سے پیچھے ہیں۔

Load Next Story

انٹرٹینمنٹ

رائے