کاٹی کا انڈسٹریل پاور ٹیرف میں کمی کا مطالبہ
کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی نے حکومت اور وزارت توانائی سے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتوں کو بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں جن میں بجلی کے صنعتی نرخوں میں کمی، فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ چارجز کو ملک بھر میں یکساں بنانا اور کیپٹیو پاور کے مسائل حل کرنا شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھنے کے لیے بجلی کا صنعتی نرخ 9سینٹ فی یونٹ کرنا انتہائی ضروری ہے، سستی بجلی کا نرخ مینوفیکچرنگ صنعتوں کو فروغ دینے اور ہزاروں ملازمتوں کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ بجلی کی قیمت نرخ 9 سینٹ کی جائے تو صنعتوں کو پیداواری لاگت میں خاطر خواہ کمی ہو گی اور وہ بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کو بہتر طریقے سے سنبھال سکیں گی۔
صدر کاٹی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کے بلوں میں فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) چارجز کو ملک بھر میں یکساں کیا جائے، کیونکہ کراچی کی صنعتوں پر دیگر علاقوں کے مقابلے میں زیادہ ایف سی اے چارجز کا بوجھ پڑرہا ہے جبکہ دیگر چارجز کراچی کی صنعتوں سے بھی یکساں وصول کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ عدم یکسانیت کراچی کی صنعتوں کے لیے ناانصافی ہے جس سے انہیں دیگر علاقوں کی صنعتوں سے مقابلہ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جندی نقی نے وزارت توانائی سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک بھر میں یکساں ایف سی اے چارجز نافذ کرے تاکہ تمام صنعتوں کے ساتھ مساوی سلوک ہو۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹیو پاور یونٹس کے لیے گیس کی فراہمی کے تعطل سے ان صنعتوں پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جو اس توانائی کے ذرائع پر انحصار کرتی ہیں۔
حکومت ایک متوازن حکمت عملی اپنائے جو ان مسائل کو حل کرے اور صنعتوں کے لیے قابل رسائی اور سستی بجلی اور گیس کے نرخوں کو یقینی بنائے۔