عالمی مارکیٹ کا اثر؛ تھوک مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں کمی

عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں 100ڈالر فی ٹن سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے

عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتیں کم ہونے کے بعد مقامی تھوک مارکیٹ میں بھی دالوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوگئی۔

ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں 100ڈالر فی ٹن سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں فی ٹن دال کی قیمت 860ڈالر سے گھٹ کر 750 ڈالر فی ٹن سے بھی نیچے آگئی ہے۔ایسوسی ایشن کے چئیرمین روف ابراھیم کے مطابق بھارت اور سری لنکا کی جانب سے خریداری سرگرمیاں بند ہونے سے عالمی مارکیٹ میں دالوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں جبکہ خطے میں پاکستان واحد ملک ہے جو اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے دالوں کی خریداری کر رہا ہے۔عالمی مارکیٹ میں قیمتیں گھٹنے سے دالوں کے مقامی امپورٹرز کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق ستمبر سے اب تک کالا چنے کی فی کلوگرام قیمت میں 50 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ رواں ماہ اور اگلے ماہ 6 بحری جہازوں کے ذریعے دالوں کے کنسائمنٹس پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ان چھ جہازوں کی آمد کے بعد دالوں کی قیمت مزید 250روپے تک گرسکتی ہیں۔ روف ابراھیم کے مطابق 400 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہونے والے دال چنا کی قیمت فی الوقت 360 روپے ہوگئی ہے جو اگلے مہینے تک 300 روپے میں دستیاب ہوگی۔

اسی طرح دال ماش کی فی کلوگرام قیمت 500 روپے سے کم ہوکر 425 روپے فی کلوگرام کی قیمت پر میں دستیاب ہے۔ کابلی چنا درجہ اول 400 روپے سے کم ہوکر 355 روپے فی کلو ہوگیا ہے اور کابلی چنا چھوٹا دانہ 320 روپے سے کم ہوکر 295 روپے فی کلوگرام ہوگیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے کمشنر کراچی کو مشورہ دیا ہے کہ ریٹیل کی سطح پر دالوں کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ عام صارف تک پہنچانے کے الیے عملی قدامات بروئے کار لائیں۔

Load Next Story