21 نومبر تک کرشنگ نہ کرنے والی ملوں کے خلاف کارروائی ہوگی، شوگر ایڈوائزری بورڈ

وفاقی وزیر رانا تنویر کی زیر صدارت اجلاس میں بورڈ نے مقامی مارکیٹ میں چینی کی موجودہ قیمتوں پر اطمینان ظاہر کیا

اسلام آباد:

وفاقی وزیر صنعت و پیداواری رانا تنویر حسین کی سربراہی میں شوگر ایڈوائزری بورڈ نے کہا ہے کہ 21 نومبر تک کرشنگ نہ کرنے والی ملوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

وزارت صنعت و پیداوار سے جاری اعلامیے کے مطابق شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بھی شرکت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں ملک میں شوگر کے اسٹاک کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور آنے والے سیزن کے لیے گنے کی فصل کے تخمینے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلا میں آنے والے کرشنگ سال میں چینی کے مجموعی اسٹاک کی پوزیشن کا بھی جائزہ لیتے ہوئے بورڈ نے مقامی مارکیٹ میں چینی کی موجودہ قیمتوں پر اطمینان ظاہر کیا۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے، تمام شوگر ملیں21 نومبر سے کرشنگ شروع کردیں گی،21 تاریخ تک کرشنگ نہ کرنے والی ملوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کاشت کاروں کی تمام ادائیگیاں کرشنگ سیزن شروع ہونے سے پہلے مکمل کی جائیں گی اورجو ملز کاشت کاروں کے واجبات ادا نہیں کریں گی ان سے برآمد کی اجازت واپس لے لیں گے۔

رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایم ای نے مزید چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگی ہے، جب تک برآمد کا پہلا کوٹا مکمل نہیں ہوتا مزید اجازت نہیں دے سکتے۔

Load Next Story