سلمان خان اور لارنس بشنوئی پر گانا لکھنے والا رائٹر گینگ کے نشانے پر

بشنوئی گینگ کی جانب سے رواں ماہ دوسری مرتبہ سلمان خان کو قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔

فوٹو : فائل

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے جبکہ اس بار انہیں ایک چیلنج بھی دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے ملنے والی جان سے مارنے کی دھمکی کے دو دن بعد، جمعرات 7 نومبر کو ایک اور دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا ہے۔

ممبئی پولیس کے ایک ترجمان نے جمعہ کی صبح بتایا کہ ’گزشتہ رات ممبئی ٹریفک کنٹرول روم کو اداکار سلمان خان کے خلاف ایک اور دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا، جس میں لارنس بشنوئی گینگ کا نام سامنے آیا۔ معاملے میں ورلی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی  گئی ہے‘۔

رپورٹ کے مطابق ممبئی ٹریفک پولیس ہیلپ لائن پر موصول ہونے والے اس نئے پیغام میں اداکار سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ پیغام میں مبینہ طور پر گینگ کے افراد نے ایک نغمہ نگار (سانگ رائٹر) کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے، جس نے لارنس بشنوئی کے متعلق گانا لکھا ہے۔

بشنوئی گینگ کی جانب سے ملنے والے دھمکی آمیز  پیغام میں یہ بھی کہا کہ اداکار کے حمایتیوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا اور سلمان خان کو چیلنج بھی کیا گیا ہے کہ اگر اداکار راٹر کو بچا سکتے ہیں تو بچالیں۔

ٹریفک پولیس نے اس حوالے سے ورلی پولیس کو آگاہ کردیا ہے اور کال کے حوالے سے تمام معلومات فراہم کردی ہے، پولیس پیغام بھیجنے والے شخص کو ٹریس کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 5 نومبر کو ممبئی پولیس کو سلمان خان کے لئے ایک اور دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا تھا جس میں انہیں یا تو معافی مانگنے یا اپنی حفاظت کے لئے 5 کروڑ روپے ادا کرنے کا کہا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ایک 32 سالہ شخص کو، جس کا تعلق راجستھان کے علاقے جالور سے ہے، کرناٹک میں گرفتار کیا گیا اور بدھ کے روز اسے مہاراشٹر پولیس کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، گرفتار شخص کی شناخت بھیکھا رام عرف وکرم کے طور پر کی گئی ہے جو کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والا مزدور ہے اور لارنس بشنوئی کا مداح ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔

 پولیس نے بتایا کہ بھیکھا رام نے ایک علاقائی نیوز چینل پر خبر دیکھنے کے بعد ممبئی پولیس کنٹرول روم میں کال کر کے سلمان خان کو دھمکی دی تھی۔

Load Next Story