8 سال سے مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم وسیم اکرم بحرین سے گرفتار
ملزم قتل کرکے بیرون ملک فرار ہوگیا تھا اور 8 سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا
اسلام آباد:
8 سال سے مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم وسیم اکرم کو بحرین سے گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق این سی بی انٹرپول کی کارروائی کے ذریعے قتل کے مقدمے میں 8 سال سے مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم وسیم اکرم کو بحرین سے گرفتار کرکے اسلام آباد ائرپورٹ لایا گیا۔
ملزم کے خلاف 2016ء میں تھانہ فتح جنگ اٹک میں مقدمہ درج ہوا تھا اور ملزم گزشتہ 8 سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم وسیم اکرم قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔
ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے ملزم کو اسلام آباد ائرپورٹ منتقل کرنے کے بعد پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ ملزم کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول بحرین کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
ایف آئی اے کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ این سی بی انٹرپول ہر وقت دنیا کے ساتھ رابطوں میں ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔