’میں سانس لینا چاہتی ہوں‘ صبا قمر کا لاہور کی اسموگ پر تبصرہ

اسموگ بہت زیادہ اور دم گھٹنے والا ہے میں ہر سانس میں اسے محسوس کر سکتی ہوں

پاکستان شوبز کی اداکارہ صبا قمر نے بتایا ہے کہ انہیں اسموگ کی وجہ سے سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اداکارہ صبا قمر نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کی ہے جس میں انہوں نے شہر لاہور کے نام ایک پیغام لکھا ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ ’ڈئیر لاہور میں سانس لینا چاہتی ہوں، اسموگ بہت زیادہ اور دم گھٹنے والا ہے میں ہر سانس میں اسے محسوس کر سکتی ہوں، ہم میں سے جو لوگ استھما کا شکار ہیں ان کیلئے یہ نہ صرف غیر آرام دہ ہے بلکہ زندہ رہنے کیلئے جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے، براہ کرم آسمان صاف کریں اور جلد اپنی اصلی حالت میں واپس آجائیں‘۔

صبا قمر کا یہ معنی خیز پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس لاہور سے تعلق رکھنے والے صارفین کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آرہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وہ اداکارہ کی بات سے اتفاق کرتے ہیں اور واقعی لاہور کی فضا میں سانس لینا دشوار ہوتا جارہا ہے۔ صارفین نے حکومت سے بھی اسموگ کنٹرول کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اسموگ کے باعث پیش آنے والی مشکلات کے سبب لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے اور اتوار کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے ورک فرام ہوم پالیسی شروع کرنے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے موٹر وے اور رنگ روڈز داخلے پر پابندی عائد کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ اسموگ کے حوالے سے شہر کو ایمرجنسی کی صورتحال کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا جس کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 292 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Load Next Story

پاکستان